اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، غزہ کے اسپتالوں کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اسرائیلی ڈرون، جنگی طیاروں اور توپ خانے کی مختلف علاقوں پر بمباری کے نتیجے میں گزشتہ شب و روز کے دوران 10 فلسطینی شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق مشرقی المغازی کیمپ میں ایک رہائشی مکان اور خان یونس کے مغرب میں واقع القادسیہ کے علاقے میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے۔
غزہ شہر میں سب سے شدید حملے دیکھنے میں آئے، جہاں اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک لوہے کے کارخانے پر چار میزائل داغے، جس کے نتیجے میں چار فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسی دوران الصبرہ، الزیتون اور الشجاعیہ کے علاقوں پر بھی بمباری اور گولہ باری کی گئی، جس سے متعدد افراد زخمی ہوئے۔
شہداء میں 9 سالہ فلسطینی بچی تالا جمعہ ابو مطر بھی شامل ہے، جو النصیرات کیمپ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے شہید ہوئی۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق جنگ بندی کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حملوں میں ایک ہزار 100 فلسطینی شہید اور 3 ہزار 546 زخمی ہو چکے ہیں۔
وزارتِ صحت نے مزید بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی جنگ میں اب تک شہداء کی مجموعی تعداد 73 ہزار 223 جبکہ زخمیوں کی تعداد 173 ہزار 654 تک پہنچ چکی ہے۔
آپ کا تبصرہ